blog

اسلام ہی کیوں؟

  • Date:

    Dec 21 2022
  • Writer by:

    Social Media Dawat-e-Islami
  • Category:

    Islam

اللہ پاک کے نزدیک، پسنديدہ دین صرف دین ِ اسلام ہے جیسا کہ قرآن پاک میں ارشاد ہوا : ترجمۂ کنزالعرفان’’ بیشک اللہ کے نزدیک دین صرف اسلام ہے‘‘ ( آل عمران، آیت 19 )

تفسیر صراطِ الجنان: ہر نبی کا دین اسلام ہی تھا، لہٰذا اسلام کے سوا کوئی اور دین بارگاہِ الٰہی میں مقبول نہیں لیکن اب اسلام سے مراد وہ دین ہے جو حضرت محمد مصطفٰی صلی اللہ علیہ وسلم لائے، چونکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو اللہ تعالیٰ نے تمام لوگوں کیلئے رسول بنا کر مبعوث فرمایا اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو آخری نبی بنایا، تو اب اگر کوئی کسی دوسرے آسمانی دین کی پیروی کرتا بھی ہو لیکن چونکہ وہ اللہ کریم کے اِس قطعی اورحتمی دین اور نبی کو مکمل طور پر نہیں مان رہا لہٰذا اس کا آسمانی دین پر عمل بھی ناقابل قبول ہے۔ یہود و نصاریٰ وغیرہ کفار جو اپنے دین کو افضل و مقبول کہتے ہیں اس آیت میں ان کے دعویٰ کو باطل فرمایا گیا ہے۔

قرآن و حدیث کی روشنی میں درج ذیل تعلیمات اسلامی کی بنیادی تعلیمات میں سے ہیں۔

(1)اسلام ہی آخری، قابل ِقبول اور نجات دلانے والا دین ہے۔

(2)اِسلام کے علاوہ کسی دوسرے دین کی پیروی کرنا، خدا کی بارگاہ میں مقبول نہیں خواہ وہ سابقہ آسمانی دین ہو یا کفر و شرک کا کوئی اور دین۔

(3)کوئی شخص عبادات و اخلاقیات کی باتوں پر جتنا چاہے عمل کرلے جب تک وہ مکمل طور پر بطورِ عقیدہ اسلام کو اختیار نہیں کرے گا، تب تک آخرت کے ثواب کا مستحق نہیں، ہاں دنیا میں اسے اچھے اعمال کا بدلہ مل سکتا ہے۔

(4)اللہ تعالیٰ کے اِن فیصلوں کو ماننافرض ہے اور اِن سےکسی طرح رُوگردانی کی اجازت نہیں۔

اللہ پاک ہمیں اسلام پر اِستقامت عطا فرمائے اور حالتِ ایمان میں عافیت کی موت نصیب فرمائے،اٰمین۔

یاد رکھیے! اسلام ہی انسانیت کا محافظ اور عالمی امن کا ضامن ہے۔اسلام نے جو محبت اور امن کا تصور پیش کیا ہے، تاریخ میں کہیں بھی اسکی مثال نہیں ملتی، یہاں تک کہ اس دور جدید میں بھی یہ تصور نہیں ملتا۔اسلام نے تو ذمی کافروں کے حقوق بھی بیان کیے ہیں اسلام نے غلاموں کو آزادی سے ہمکنار کیا ، جبری مزدوری، استحصال، ذخیرہ اندوزی، غنڈہ گردی، سود خوری، بے پردگی، عیاشی، فحاشی چوری ڈکیتی اور تمام خرافات اور تمام خراب عادتوں کا سدِ باب فرما دیا۔

٭ انسان تو انسان اسلام نے تو حیوانات کے تحفظ اور ان کی بے حرمتی پر روک لگا دی۔

(1)اسلام نے کسی بھی جانور کو آگ میں جلانے سے منع فرمایا۔

(2)جانوروں کو آپس میں لڑانے سے منع فرمایا۔

(3)کسی بھی جانور کو بھوکا پیاسا رکھ کر ذبح کرنے سے منع فرمایاہے۔

اسلام کی سچائیوں ،اچھائیوں اور حکمتوں کو بیان کرنے کے لئے لمبا وقت درکارہے ۔ یہ ہر انسان کا دین ہے، اسلام ہی ہر انسان کا گھر ہے، یہی امن ہے، حرف آخر ہر انسان کو اسلام کے گھر میں یعنی اپنے گھر میں لوٹ آنا چاہیے۔

Share this post:

(0) comments

leave a comment