blog

گورکن

  • Date:

    Jun 01 2022
  • Writer by:

    Social Media Dawat-e-Islami
  • Category:

    Islamic Culture

ہمیں اس دنیا میں بھیجے جانے کا مقصد یہ ہے کہ ہم اس دنیا میں رہتے ہوئے اللہ پاک کی رضا والے کام کریں  ۔قبر اور آخرت کی تیاری کریں ۔مگر افسوس !ہم اپنے دنیاوی معاملات میں اتنا مصروف ہو گئے کہ ہم نے اپنے مقصد حیات کو ہی فراموش کر دیا ۔ضرورت اور مقصد میں فرق کرنا بھول گئے ۔گناہوں کے دلدل میں ایسے پھنسے کہ نکلنا دشوار ہوگیا۔میں نے ایک دن قبرستان میں ایک گورکن بابا سے پوچھا’’باباجی گناہگاروں کی قبروں کے بھی کچھ احوال بتائیں‘‘۔ باباجی افسردہ لہجے میں بولے’’ بیٹا! اب قبر تیار کرتے ہوئے بہت مشقت کرنا پڑتی ہے۔کچھ قبروں کی مٹی سخت ہونے کی وجہ سے پتھر، قبر کی تیاری میں رکاوٹ بن جاتے ہیں۔ آج کل قبروں کی کھدائی کے دوران سانپ بچھو کا نکل آنا عام سی بات ہوگئی ہے ۔کئی قبروں کی کھدائی کرتے ہوئے عجیب سی وحشت اورگھبراہٹ طاری ہوجاتی ہے۔ چونکہ قبر کی کھدائی ننگے پاؤں کی جاتی ہے تو کئی قبروں کی کھدائی میں میرے پیر جلنے لگتے ہیں۔ میں نے اپنی زندگی میں قبر کی تیاری کے دوران قبر سے دھواں بھی نکلتے دیکھا ہے اور بعض اوقات آگ کے شعلے بھی دیکھے ہیں۔ کئی قبروں میں تدفین کے بعد قبروں پر رات کو آگ جلتی بھی دیکھی ہے اور کچھ قبروں سے چیخ و پکار بھی سن چکا ہوں‘‘۔باباجی یہ باتیں مجھے مختلف سوالوں کے جوابات میں بتا رہے تھے اور میں عالم ِتصور میں اپنی قبر کی فکر میں گم ہو گیا کہ نہ جانے میری قبر میں سے روشنی نکل کر گورکن کے وجود کو روشن کرے گی یا گورکن کے پیر جلا ڈالے گی اور پھر کیا خبر کہ قبر بھی نصیب ہویا نہ ہو ؟ یہ میری اور آپ کی فانی زندگی کی حقیقت ہے جو میں آپ کی خدمت میں عرض کر رہا ہوں ۔قبر ہمارا وہ مستقل گھر ہے، جس میں ہمارا صور پھونکے جانے تک رہنا مقدر ٹہر چکا ہے ۔ کبھی کبھی اپنے دلوں کو موہ لینے والے عارضی گھروں کو کچھ دیر کے لئے فراموش کر کے قبرستان میں، جہاں میں اور آپ اپنی مستقل رہائش اختیار کرنے والے ہیں ،ان کے مکینوں کی رہائش گاہوں کو بھی دیکھ آیا کریں تاکہ اپنی رہائش گاہ کے پلاٹ کا بھی اندازہ ہو اور اس میں اپنی رہائش کے لیے خیالات ا ور تصورات میں تانے بانے بھی بندتے رہا کریں۔قبرستان دنیا کی واحد انٹرنیشنل ہاؤسنگ سوسائٹی ہے، جس میں آپ کو دو گز کا پلاٹ غیر ترقیاتی کاموں کے ملتا ہے، جہاں ہر فرد کو اپنے پلاٹ میں روشنی ،کشادگی، خوشگوار ہواؤں اورباغات وغیرہ کا انتظام پہلے سے خود کر کے آنا پڑتا ہے ۔لہذا کیا ہی اچھا ہو کہ جب میں اور آپ اپنے مستقل گھروں کو جائیں تو سارے انتظامات پہلے سے مکمل ہوں اور کمی ہو تو صرف میری اور آپ کی آمد کی ۔

اللہ تعالی ہماری اس آنے والی منزل کو نہایت آسان بنائے۔ آمین یا رب العالمین۔

Share this post:

(0) comments

leave a comment