blog

دعوتِ اسلامی کبھی پیچھے نہیں ہٹی

  • Date:

    Oct 14 2023
  • Writer by:

    Social Media Dawat-e-Islami
  • Category:

    Islam

امیرِ اہلِ سنّت حضرت علّامہ مولانا محمد الیاس عطّاؔر قادری دامت برکاتہم العالیہ ارشاد فرماتے ہیں:’’جب سے دعوتِ اسلامی بنی ہے ایک سیکنڈ کے لئے بھی پیچھے نہیں ہٹی۔‘‘

امیرِ اہلِ سنّت دامت دامت برکاتہم العالیہ نور مسجد(کاغذی بازار، میٹھادر، کراچی) میں امامت کی ڈیوٹی سرانجام دیتے تھے اور وہیں سے آپ نے 2ستمبر 1981ء کو دعوتِ اسلامی کے دینی کام کا آغاز فرمایا، کراچی شہر سے دعوتِ اسلامی کا آغاز ہوا اور آج دنیا بھر کےتقریبا 164 ممالک میں دعوتِ اسلامی کے دینی کاموں کا سلسلہ جاری ہے۔

ہفتہ وار سنّتوں بھرا اجتماع: دعوتِ اسلامی کےآغازسے لے کر اب تک یہ اجتماع پیچھے نہیں ہٹا بلکہ بڑھتا ہی گیا ہے اور بڑھتے بڑھتے پاکستان میں مرد و خواتین کے ملا کر 10ہزار 697 جبکہ پاکستان سے باہر 1100 کی تعداد میں یہ ہفتہ وار اجتماعات ہورہے ہیں۔

مدنی مراکز فیضانِ مدینہ:جب دعوتِ اسلامی کا ہفتہ وار سنّتوں بھرا اجتماع شروع ہوا تو اُس وقت دعوتِ اسلامی کا کوئی بھی اپنا بنایا ہوا فیضانِ مدینہ نہیں تھا، امیرِ اہلِ سنّت دامت دامت برکاتہم العالیہ فرماتے ہیں کہ حضرت علّامہ مولانا محمد شفیع اوکاڑوی صاحب رحمۃُ اللہِ علیہ نے اپنی مسجد گلزارِ حبیب دی اور وہاں اجتماع شروع ہوا، جب لوگوں کی تعداد بڑھی اور مسجد اجتماع کے لئے ناکافی ہوگئی تو محلہ سوداگران پرانی سبزی منڈی میں جگہ خرید کر، دعوتِ اسلامی کا پہلاہیڈ آفس مرکز فیضانِ مدینہ بنایا گیا، اس کے بعد دعوتِ اسلامی پیچھےنہیں ہٹی اور بنتے بنتے آج دعوتِ اسلامی کے مدنی مراکز بنام فیضانِ مدینہ کی تعداد 417ہے۔

مساجد کی تعمیر: الحمدللہ دعوتِ اسلامی کا شعبہ خُدّامُ المَساجِد و المدارس کے تحت وقتاً فوقتاً مساجد بنانے کا سلسلہ رہتا ہے کبھی فیضانِ جمالِ مصطفیٰ کے نام سے مساجد بنائی جاتی ہیں تو کبھی فیضانِ مشکل کشا کے نام سے مساجد بنائی جاتی ہیں تو کبھی فیضانِ امیر معاویہ کے نام سے مساجد بنائی جاتی ہیں تو کبھی فیضانِ قراٰن کے نام سے مساجد بنائی جاتی ہیں، اب تک4 ہزار 548 مساجد بنائی جاچکی ہیں۔

مدرسۃُ المدینہ بالغان و بالغات: مدرسۃُ المدینہ بالغان و بالغات کا سلسلہ شروع ہوا تو اب تک پیچھے نہیں ہٹا بلکہ بڑھتا ہی گیا ہے اور بڑھتے بڑھتے آج دعوتِ اسلامی کے مدرسۃُ المدینہ بالغان و بالغات کی تعداد کم وبیش 92 ہزار 948 ہے۔

مدرسۃُ المدینہ بوائز و گرلز: بچوں اور بچیوں کے مدارسُ المدینہ کی بات کریں تو جب یہ شروع ہوئے تو چند ایک ہی تھے مگر اب بڑھتے بڑھتے ان کی تعداد4 ہزار 980 ہوچکی ہے۔

جامعۃُ المدینہ بوائز و گرلز: اسی طرح جامعۃُ المدینہ بوائز اور گرلز شروع ہوئے تو ایک دو ہی تھے مگر آج بڑھتے بڑھتے پاکستان میں جامعۃ المدینہ بوائز اور گرلز کی تعداد 1035 جبکہ اوورسیز میں 339 ہے۔

فیضان آن لائن اکیڈمی بوائز و گرلز: فیضان آن لائن اکیڈمی بوائز اور گرلز شروع ہوئے پھر دعوتِ اسلامی پیچھے نہیں ہٹی۔ایک دو شاخوں سے شروع ہونے والی فیضان آن لائن اکیڈمی کی تعداد 47 ہوچکی ہے، جن سے تقریباً43 ہزار 61 طلبہ و طالبات تعلیم حاصل کرچکے ہیں۔ جبکہ فی الوقت آن لائن22 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات زیر تعلیم ہیں۔

مدنی قافلے: اسی طرح مدنی قافلوں کی تعداد23 ہزار753 اور سفر کرنے والوں کی تعدادایک لاکھ 66 ہزار 271 جبکہ اوورسیز میں مدنی قافلوں کی تعداد 659 ہے اور سفر کرنے والوں کی تعداد5 ہزار 345 ہے۔ اِن شآءَ اللہ یہ سفر جاری رہے گا۔

دارُالافتاء اہلسنت (دعوتِ اسلامی): 15 شعبان شریف 1421 مطابق 2000ء کو معرضِ وجود میں آیا اور اس وقت سے دعوت اسلامی پیچھے نہیں ہٹی اور آج پاکستان کے مختلف شہروں میں دارُ الافتاء اہلسنت کی 14 Branchesقائم ہوچکی ہیں۔

تحریری کام:امیرِ اہلِ سنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے تحریری کام کا آغاز فرمایا اور سب سے پہلا رسالہ ’’تذکرہ امام احمد رضا‘‘ تحریر فرمایا اور اب تک 146 کتب و رسائل تحریر فرما چکے ہیں جن کے صفحات کی مجموعی تعداد 13 ہزار سے زیادہ ہے جبکہ Unpublished کتب ورسائل کے تقریباً13سو صفحات ان کے علاوہ ہیں۔

المدینۃُ العلمیہ: المدینۃ العلمیہ (Islamic Research Center) شروع ہوا تو اس وقت چند ایک کتابوں پر ہی کام ہوا تھا مگر اب بڑھتے بڑھتے تقریباً 848کتب و رسائل پر تحریر، تحقیق، تخریج اور ترجمہ کا کام ہوچکا ہے اور مزید کام جاری ہے۔

مکتبۃُ المدینہ: جب مکتبۃُ المدینہ کا آغاز ہوا تو یہ ایک ہی تھا مگر اب بڑھتے بڑھتے ملک و بیرونِ ملک میں ان کی تعدادتقریبا150 ہوچکی ہے۔

مدنی چینل: دعوت اسلامی نے اسلامی تعلیمات کو عام کرنے کے لئے 2008 میں دنیا کے اکلوتے سوفیصد اسلامی چینل ’’مدنی چینل‘‘ کا اردو زبان میں آغاز کیا،پھر دعوتِ اسلامی پیچھے نہیں ہٹی۔2023 میں مدنی چینل اردو کے ساتھ ساتھ عربی،انگلش اور بنگلہ زبان میں بھی نشریات پیش کررہا ہے۔مدنی چینل بچوں کے لئے بھی ”کڈز مدنی چینل“ کی نشریات پیش کرتا ہے۔

سوشل میڈیا: 11نومبر 2015ء کو سوشل میڈیا دعوتِ اسلامی کے ڈیپارٹمنٹ کا آغاز کیا،پھر دعوتِ اسلامی پیچھے نہیں ہٹی۔ صرف 9 افراد سے اسٹارٹ ہونے والے اس ڈیپارٹمنٹ کے اب 10سَب ڈیپارٹمنٹ ہیں۔50 سے زائد فیس بک پیجز، 30 سے زائد یوٹیوب چینلز، 10 ٹوئٹر اکاؤنٹس، 11 انسٹا گرام اکاونٹس سمیت واٹس ایپ گروپس، ای میل گروپس سمیت کئی سوشل سائٹس پر اس وقت دعوتِ اسلامی اسلامی تعلیمات عام کررہی ہے۔ آج سوشل میڈیا ڈیارٹمنٹ“ تقریباً ساڑھے چار کروڑ لوگوں تک درست اسلامی معلومات پہنچا رہاہے۔

ان کے علاوہ دعوتِ اسلامی کے کئی دینی کام ہیں، اگر آپ تمام دینی کاموں کا جائزہ لیں تو آپ اسی نتیجے پر پہنچے گے بلکہ شاید آپ پڑھتے پڑھتے یہ بات کہیں گے کہ ، جب سے دعوتِ اسلامی بنی ہے ایک سیکنڈ کے لئے بھی پیچھے نہیں ہٹی۔“ اللہ پاک دعوتِ اسلامی کو نظرِ بد سے بچائے اور خوب ترقی و عروج عطا فرمائے۔آمین

Share this post:

(0) comments

leave a comment